حیدرآباد(نیوز ڈیسک ) حلقہ گوشہ محل کے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے کہا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہندوستان کو کچھ مسلم ممالک کی طرح ایک مکمل ہندوراشٹر بنایا جائے۔وہ میدک میں چھترپتی شیواجی مجسمہ کی نقاب کشائی کی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کر رہے تھے۔
قبل ازیں انہوں نے میدک میں دھیان چند کراس روڈ سے رامداس کراس روڈ تک نکالی گئی ریالی میں بھی حصہ لیا۔ انہوں نے رکن اسمبلی پدما دیویندر ریڈی‘ رکن کونسل سبھاش ریڈی اور مذہبی رہنما کملانند سوامی کے ساتھ شیواجی کے مجسمہ کی نقاب کشائی کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نوجوانوں سے شیواجی کے نقش قدم پر چلنے کی اپیل کی۔ راجہ سنگھ نے ہر ہندو کو گائیوں کی حفاظت اوران کی خدمت کرنے کامشورہ دیا اور کہا لوگوں کو اورنگ زیب کے ظلم سے نجات دلانے کے لیے شیواجی نے 16 سال کی عمر میں جنگوں میں حصّہ لیا۔
راجہ سنگھ نے نوجوانوں کو اورنگ زیب جیسے لوگوں کو ملک سے بھگانے کے لیے شیواجی کی تقلید کرنے کی دعوت دی۔رکن اسمبلی نے والدین کو مشورہ دیا کہ اپنے بچوں کوبہادربنانے کیلئے انہیں عظیم جنگجوں کی کہانیاں سنائیں۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی تعلیمی اصلاحات کے ایک حصے کے طور پر‘ ملک کی خاطر اپنی جانیں قربان کرنے والے ہیروز کی زندگی کے خاکے طلباء کو پڑھائے جائیں گے۔ انہوں نے ملک کی تمام سڑکوں پر شیواجی کی مورتیوں کو نصب کرنے پر زور دیا۔
پدما دیویندر ریڈی نے شیواجی کو ایک عظیم شخص قرار دیا جو ہر عورت کو عزت وو احترام کی نظر سے دیکھتے تھے اور انہیں ماں کا درجہ دیتے تھے۔انہوں نے اپنی ماں کو گرو مانتے ہوئے دھرم کو برقرار رکھا۔
کملانند سوامی نے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شراب نوشی کی عادت چھوڑ کر شیواجی کے نقش قدم پر چلیں۔ میدک ضلع بی جے پی کے صدر جی سرینواس‘ چھترپتی شیواجی مجسمہ تنصیب کمیٹی کی صدر مایا شنکر‘بی جے پی کارکنان نوجوانوں کی بڑی تعداد نے اس تقریب میں شریک تھی۔