سرینگر (نیوز ڈیسک ) بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں نے کہا ہے کہ مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کر لیے ہیں اور مقبوضہ علاقے میں قتل وغارت، بلا جواز گرفتاری اور بے گناہ لوگوں پر بہیمانہ تشدد روز کا معمول بن چکا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں غلام محمد خان سوپوری، بشیر اندرابی، فردوس احمد شاہ اور ڈاکٹر مصیب نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ کشمیریوں کی جانیں اور عزت و آبرو سفاک بھارتی فوجیوں کے رحم و کرم پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگست 2019 میںدفعہ 370 اور35اے کی غیر قانونی اور یکطرفہ منسوخ کے بعد علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں خطرناک حد تک بڑھ گئی ہیں ۔ انہوںنے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت مقبوضہ جموںوکشمیرمیں سیاسی اختلاف کو روکنے کے لیے کالے قوانین کا بے دریغ استعمال کر رہا ہے۔
انہوںنے کہا کہ کشمیری انتہائی خوف و دہشت کے ماحول میں جی رہے ہیں کیونکہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں اور چھاپے روز کامعمول کا معمول بن چکا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے کہا کہ اس ساری صورتحال پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی مودی کی فسطائی حکومت کو نہتے کشمیریوں پر اپنے مظالم تیز کرنے کی شہہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر اس وقت جو بیت رہی ہے وہ عالمی بردری کے لیے ایک چیلنج ہے جسے اپنی خاموشی ترک کرکے مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کا محاصبہ کرنا ہو گا۔
مودی حکومت نے کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کر لیے ہیں، حریت رہنما
مناظر: 797 | 17 Mar 2023