جموں(نیوز ڈیسک )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے ) کی ایک خصوصی عدالت نے دو کشمیری صحافیوں فہد شاہ اور اعلیٰ فاضلی کے خلاف بغاوت کے ایک جعلی مقدمے میں فرد جرم عائد کردی ہے۔ جموں کی این آئی اے عدالت کے خصوصی جج اشونی کمار نے دونوں کے خلاف نئی دہلی کے زیر کنٹرول سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) کی طرف سے گزشتہ برس درج کئے گئے بغاوت کے مقدمے میں فرد جرم عائد کی۔
عہدیداروں نے بتایا کہ یہ مقدمہ اعلیٰ فاضلی کے تحریر کردہ ایک مضمون ”غلامی کی بیڑیاں ٹوٹ جائیں گی“ سے متعلق ہے جو ڈیجیٹل میگزین ”کشمیر والا“کے چیف ایڈیٹر فہد شاہ نے اپنے پورٹل میں شائع کیا تھا۔