ممبئی (نیو زڈیسک ) بھارت میں پنجاب پولیس نے خالصتان تحریک سے ہمدردی رکھنے والے رہنما امرت پال سنگھ کو 6 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پنجاب بھر میں کل دوپہر تک انٹرنیٹ معطل کر دیا گیا ہے۔ امرت پال سنگھ کے خلاف کارروائی کیلئے ریاستی حکومت عالمی جی 20 اجلاس کے ختم ہونے کا انتظار کر رہی تھی۔ امرت پال سنگھ ’وارث پنجاب دے‘ کے نام سے ایک تنظیم چلاتے ہیں جسے آنجہانی اداکار دیپ سدھو نے قائم کیا تھا، دیپ سدھو پچھلے سال ٹریفک حادثے میں وفات پاگئے تھے۔ پولیس نے 7 اضلاع تک امرت پال سنگھ اور ان کے ساتھیوں کا پیچھا کیا اور جالندھر کی شاہ کوٹ تحصیل میں واقع مہتاپور گاؤں میں انہیں نرغے میں لے لیا۔ پولیس نے شاہ کوٹ میں تمام سڑکیں بند کرکے بڑی رکاوٹیں کھڑی کیں۔