اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے کہا ہے کہ بھارت طاقت کے وحشیانہ استعمال سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنماو¿ں امتیاز وانی، اعجاز رحمانی، شیخ محمد یعقوب، مشتاق احمد بٹ، زاہد اشرف، جاوید جہانگیر اور منظور احمد شاہ نے اسلام آباد میں جاری اپنے بیانات میں افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت مقبوضہ جموںوکشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو دوام دینے کیلئے وہاں فوجیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقہ اس وقت فوجی چھاؤں کا منظر پیش کر رہا ہے ، مودی حکومت کشمیریوں کی زمینوں ، گھروں اور دیگر املاک پر اسرائیلی طرز پر قبضہ کر رہی ہے ، فسطائی مودی حکومت کی گھاؤنی کارروائیوں کا بنیادی مقصد مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت بے انتہا مظالم کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کمزور کرنے میں ناکام رہا ہے اور وہ بھارتی تسلط سے آزادی کے اپنے نصب العین پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنماؤںنے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں دیر پا امن و ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔