سرینگر21اپریل (نیو زڈیسک) غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںبھارتی فوجیوں نے پیراملٹری اہلکاروں کے ہمراہ ضلع پونچھ میں تلاشی اورمحاصرے کی بڑی کارروائی شروع کی ہے ۔ یہ کارروائی جمعرات کی شام ضلع میں مینڈھر کے علاقے بھٹہ ڈوریاںمیںبھارتی فوج کی ایک گاڑی پر حملے کے بعد شروع کی گئی۔حملے میں 5بھارتی فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا تھا ۔بھارتی فوج کے ایک عہدیدار نے میڈیا کو بتایا ہے کہ بھٹہ ڈوریاں کے جنگلات سمیت پورے علاقے کامحاصرہ کر دیاگیا ہے اور حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے ڈرونز زاور سراغرساں کتے استعمال کئے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ راجوری اور پونچھ کے اضلاع میں سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ کنٹرول لائن کے ساتھ واقع علاقوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے ۔حملے کے بعد سے بھمبر گلی پونچھ روڈ پر گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہے اور لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مینڈھر کے ذریعے پونچھ جائیں۔