سرینگر(نیوز ڈیسک )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نےG-20ملکوں سے اپنی اس اپیل کا اعادہ کیا ہے کہ وہ سری نگر میں ہونے والے مجوزہ اجلاس کا بائیکاٹ کریں کیونکہ بھارت اس اجلاس کو جموں و کشمیر کے عالمی سطح پر تسلیم شدہ خطے پر اپنے غیر قانونی قبضے کے جواز کے لیے استعمال کرے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر نائب چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارت کے ماضی کے ریکارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ بھارتی ایجنسیاں جی 20 سربراہی اجلاس سے قبل کشمیر کی تحریک آزادی کو بدنام کرنے کے لیے کوئی جھوٹا آپریشن کر سکتی ہیں ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما نے متنبہ کیا کہ اس طرح کی گھنائونی حرکت بھارت کے لیے مزید شرمندگی کا باعث ہو گی۔
حریت رہنمائوں عبدالصمد انقلابی، ایڈوکیٹ دیویندر سنگھ بہل، فریدہ بہن جی اور جموں و کشمیر مسلم لیگ نے اپنے بیانات میں جنوبی ایشیاءمیں امن و استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی میں شدت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فسطائی مودی حکومت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف بات کرنے والوں کوجھوٹے مقدمات میں پھنساتی ہے۔
دریں اثنا، بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں آج ضلع پونچھ میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔ فوجیوں نے ضلع پونچھ کے ایک اور علاقے شاہ پور میں بھی تلاشی کی کارروائی کی۔
نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے سری نگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنمائوں کے ان بیانات پر سخت تنقید کی جن میں انہوں نے تاج محل، قطب مینار اور مسلم حکمرانوں کی تعمیر کردہ دیگر یادگاروں کو منہدم کرنے کی ہرزہ سرائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نسل پرست حکومت اس طرح کی مذموم کارروائیوں کے ذریعے مغل تاریخ کو مٹا نہیں سکتی۔
کشمیری تحریک آزادی کو بدنام کرنے کیلئے جھوٹے آپریشن کی بھارتی سازش تیار
مناظر: 856 | 10 Apr 2023