سرینگر(نیوز ڈیسک )غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں مودی کی زیر قیات بھارتی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف سرینگر میںایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پریس انکلیو سرینگر میں احتجاجی مظاہرے کا اہتمام تاجروں کی یونین نے کیا تھا۔ مظاہرین نے مودی حکومت کی جانب سے محکمہ بجلی، ریلوے اور پبلک سیکٹر کے دیگراداروں کی نجکاری اور جموں و کشمیر میں بجلی کے سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے منصوبے کی مذمت کی جن کا مقصد کشمیریوں سے لوٹ مار کرنا ہے ۔تاجر رہنمائوں کے ساتھ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیامارکسسٹ کے لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے احتجاجی مارچ کی قیادت کی۔ تاجروں نے اس موقع پر محنت کش طبقے کو درپیش مسائل پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔یوسف تاریگامی نے کہاکہ احتجاجی مظاہرہ بی جے پی کی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جاری جدوجہد کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ بجلی کی نجکاری سے کشمیریوں پر اضافی بوجھ پڑے گا ۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت سرکاری ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو ختم کرناچاہتی ہے،تاکہ تمام سرکاری اثاثوںکوپرائیویٹ کمپنیوں کے حوالے کیاجاسکے ۔یوسف تاریگامی نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بجلی کے صارفین پہلے ہی سمارٹ میٹروں کے ذریعے ملنے والی مہنگی بجلی کی وجہ سے پریشان ہیں ۔