سری نگر(نیو زڈیسک ) کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنمااور جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی چیر پرسن فریدہ بہن جی نے ممتاز کشمیری رہنماوں شہید محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کو انکی شہادت کی برسیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیریوں کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شہداکے مشن کو ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا،شہداکشمیریوں کے حقیقی ہیرو اور تحریک آزادی کشمیر کا عظیم اثاثہ ہیں۔ محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی پھانسی انصاف کا قتل ہے۔
اپنے بیان میں دونوں عظیم کشمیری رہنماوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے فریدہ بہن جی نے کہا کہ شہداہماری جدوجہد آزادی کا اصل اثاثہ ہیںاور ان شہداکی قربانیوں کی وجہ سے کشمیر کامسئلہ عالمی سطح پر اجاگر ہواجس مقصد اور مشن کے لئے ان شہدانے اپنی جانیں قربان کیں وہ مشن منزل کے حصول تک جاری رہے گا
انہو ں نے کہا کہ کشمیری اپنے شہداکی قربانیوں کو کبھی بھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کریں گے،شہداکو خراج عقیدت پیش کرنے کا بھی واحد طریقہ یہی ہے کہ ہم ان کے مشن کو آگے لے جائیں۔ماس موومنٹ کی سربراہ نے کہا کہ شہید محمد مقبول بٹ اور شہید افضل گورو نے کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کے لئے جو شمع روشن کی وہ شمن آج بھی کشمیریوں کے جدوجہد آزادی کی شکل میں روشن ہے اور اس شمع کو بجھنے نہیں دیا جائے گا، یہ شہید لیڈر کشمیری عوام کے لیے مشعل راہ رہیں گے
کشمیری خاتو ن رہنانے کہاکہ کشمیر کے ان دو عظیم بیٹوں نے بھارتی استعماری قبضے سے آزادی کے لیے پھانسی کے تختے پر چڑھنا قبول کیا لیکن بدترین بھارتی سامراج کے سامنے سر نہیں جھکایا۔انہو ں نے کہاکہ جموں و کشمیر کے عوام گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی اور جابرانہ قبضے کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں اور اس دوران لاکھوں کشمیریوں نے اس مقدس مقصد کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ ان شہدا کا مقدس لہو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گااور شہداکا مشن منزل کے حصول تک جاری رہے گا ،اس میں بھارت کے جابرانہ اور ظالمانہ ہتھکنڈے رکاوٹ نہیں بنیں گے۔
انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ حقائق تسلیم کرتے ہوئے کشمیریوںکو ان کا اپنا جائز حق خود ارادیت دے جس کا وعدہ خود اس کے حکمرانوں نے عالمی برادری کے سامنے اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کررکھا ہے۔ انہوں نے دنیا کے انصاف پسند لوگوں اور تنظیموں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو مجبور کریں کہ وہ مقبول بٹ اور افضل گورو کے جسد خاکی کشمیری عوام کے حوالے کریں جو بدنام زمانہ تہاڑ جیل کے احاطے میں دفن ہیں۔بھارت نے تحریک آزادی میں نمایاں کردار کی پاداش میں محمد افضل گورو کو 9 فروری 2013 کو جبکہ کشمیر شہید اعظم محمد مقبول بٹ کو 11فروری 1984 کونئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں پھانسی دے کر ان کی میتیں جیل کے احاطے میں ہی دفن کر دی تھیں۔