میانوالی (نیوز ڈیسک ) سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے میانوالی ایئر بیس کا دورہ کیا اور دراندازی کی بہیمانہ کوشش بروقت ناکام بنانے پر اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ اس موقع پر سربراہ پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ قوم کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کےلیے پُرعزم ہیں۔ایئرچیف نے وطن پر جان نچھاور کرنے کے اہلکاروں کے غیرمتزلزل عزم کی تعریف کی۔
ایئرچیف مارشل کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کے تحفظ کےلیے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاک فوج کی ضرار کمپنی اور سول قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جوائنٹ آپریشنز ٹیم کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ایئرچیف نے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کا معیار برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔