اسلام آباد(نیوزڈیسک )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کشمیری عوام کو اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا، بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی طرف سے لوگوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور گھنائونے جرائم کو ہر فورم پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے،
صدر نے ان خیالات کا اظہار کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے محمود احمد ساگر کی قیادت میں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی ہرممکن اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
صدر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ہندوستان مختلف اقدامات کے ذریعے مقبوضہ خطے میں آبادیاتی تبدیلیوں کے عمل کو تیز کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اس مقصد کے لئے مقبوضہ جموں وکشمیر میں غیر کشمیریوں کو آباد کرنے کے لیے 4.5 ملین سے زیادہ ڈومیسائل جاری کر چکا ہے جبکہ کشمیریوں کی زمین کو غیر کشمیریوں کو فروخت کر رہا ہے۔ انہوں نے ان کارروائیوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن سمیت بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔صدر نے کہا کہ ہندوستان مسلمانوں کی نسل کشی میں ملوث ہے، جینوسائیڈ واچ کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر نسل کشی کے دہانے پر ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کی ان رپورٹس کا بھی حوالہ دیا جن میں مقبوضہ خطے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے کمیشن آف انکوائری کے قیام کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کو نافذ کرنے میں اپنا کردار ادا کرے اور ہندوستان کو غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہونے والے جرائم کے لیے جوابدہ بنائے۔صدر نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر ابھی تک عمل درآمد نہیں کیا گیا حالانکہ یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے کی سب سے پرانی قراردادیں ہیں۔
اس موقع پر مقبوضہ جموں وکشمیر کی حریت قیادت نے صدر مملکت کو وادی کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں اب تک 6 لاکھ کشمیری شہید ہو چکے ہیں اور ہزاروں گھر جلا کر تباہ کر دیے گئے ہیں،مقبوضہ جموں وکشمیر کو 9 لاکھ بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں یرغمال بنا رکھا ہے جنہوں نے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور آزادیوں پر بے مثال فوجی محاصرہ اور پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ کشمیری قیادت کو جیلوں میں ڈالا گیا ہے، ماورائے عدالت قتل، من مانی گرفتاریاں اور کشمیری نوجوانوں پر تشدد ایک معمول بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی شناخت اور ثقافت کو نقصان پہنچا رہا ہے لیکن وہ کشمیری عوام کو دبانے کے اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہو گا ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و پاکستان کے وفد کی قیادت کنوینر محمود احمد ساغر نے کی وفد میں محمد فاروق رحمانی، غلام محمد صفی، سید یوسف نسیم، محمد رفیق ڈار، میر طاہر مسعود،شیخ عبدلمتین، ثناء اللہ ڈار، شیخ محمد یعقوب ، حسن البنا، داود یوسف زئی، جاوید اقبال بٹ، مشتاق احمد بٹ، زاہد اشرف اور امتیاز وانی شامل تھے۔۔