لاہور(نیوز ڈیسک ) بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑنے پر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا، جس کے باعث مختلف اضلاع کی زرعی اراضی ڈوبنے کا خطرہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ، ترجمان پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ گنڈا سنگھ کے مقام سے 69 ہزار 220 کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے۔ آئندہ 24 گھنٹےمیں گنڈا سنگھ کے مقام پر درمیانے سے اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے ، ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے 20 اگست تک مزید پانی چھوڑے جانے کا خدشہ ہے ، جس کے باعث اوکاڑہ، قصور، پاکپتن، بہاولنگر، وہاڑی، لودھراں، ملتان اور بہاولپور کے اضلاع کی زرعی اراضی ڈوبنے کا خطرہ ہے۔ عمران قریشی نے کہا کہ کنٹرول روم 24 گھنٹے دریاؤں اور بیراجز پر پانی کے بہاؤ کو مانیٹر کر رہا ہے، تمام محکمے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل رکھیں۔