اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) الیکشن کمیشن نے مردم شماری کی اشاعات کے بعد حلقہ بندیوں سے متعلق آرڈر جاری کردیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری آرڈر میں کہا گیا ہےکہ ادارہ شماریات نے 7 اگست کو مردم شماری کو شائع کیا، الیکشن ایکٹ کے مطابق ہرمردم شماری کے بعد الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندی کرےگا۔ الیکشن کمیشن کے آرڈر میں کہا گیا ہےکہ مردم شماری کے مطابق صوبوں، حلقوں اور ضلعی سطح پر آبادیوں میں تبدیلی ہوئی ہے، نئی مردم شماری کے مطابق 20 ہزار805 بلاکس کا اضافہ ہوا اورکچھ میں تبدیلیاں ہوئیں۔ الیکشن کمیشن کاکہنا ہےکہ مردم شماری کے بعد ووٹر لسٹوں کو اپ ڈیٹ کرنا لازم ہے، نئی حلقہ بندی اوراپ ڈیٹ ووٹر لسٹ کے بغیرپارٹیزکو اسمبلیوں میں اصل نمائندگی نہیں ملے گی، ہرمردم شماری کے بعد حلقہ بندی اور غلطی سے پاک ووٹرلسٹ الیکشن کی ضرورت ہے۔ آرڈر کے مطابق الیکشن کمیشن نے مردم شماری کی بنیاد پرنئی حلقہ بندی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔