نئی دلی 30اگست (نیوز ڈیسک) کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظر بند سینئر وائس چیئرمین شبیر احمد شاہ نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ یکم ستمبر بروز جمعہ کو قائد تحریک سید علی گیلانی کو ان کے دوسرے یوم شہادت کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے حیدر پورہ سرینگرمیں انکے مزار کی طرف مارچ کریں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے جو جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ بھی ہیں نئی دلی کی تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جاری جدوجہد میں سیدعلی گیلانی کی گرانقدر خدمات اور ان کے لازوال کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانینے اپنی پوری زندگی کشمیر کاز کے لیے وقف کر رکھی تھی۔انہوںنے سیدعلی گیلانی کے ساتھ اپنی سالہا سال کی رفاقت کاحوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں عظیم رہنماء کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے اور ہم ایک ساتھ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔انہوں نے کہاکہ وہ واقعی کشمیر کے زبردست حامی تھے اورانہوں نے کبھی بھی مسئلہ کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کو کشمیر کی تاریخ میں ہمیشہ ایک ایسے ہیرو کے طور پر یاد رکھا جائے گا جنہوں نے انتہائی جرات اور بے خوفی کے ساتھ کشمیریوں کے جائز مقصد کی حمایت کی۔ شبیر شاہ نے کہا کہ جدوجہد آزادی کے دوران گیلانی صاحب نے اپنے خاندان کے ساتھ بے پناہ مشکلات کاسامنا کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ سیدعلی گیلانی کو جیل میں قیدکیا گیا، تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ایک دہائی سے زائد عرصے تک گھر میں نظر بند رکھا گیا تاہم وہ ایک چٹان کی طرح اپنے موقف پر ڈٹے رہے۔ انہوں نے کہاکہ سیدعلی گیلانی اب ہمارے ساتھ نہیں ہیں لیکن جو میراث انہوں نے چھوڑی ہے وہ کشمیر کی موجودہ اور آنے والی نسلوں کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کرتی رہے گی۔ شبیر شاہ نے بھارتی قابض حکام نے کشمیریوںکو سیدعلی گیلانی کی نماز جنازہ اداکرنے کی اجازت نہ دینے پر افسوس کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ گیلانی صاحب کی میت کوانکے اہلخانہ سے چھین کر قابض انتظامیہ نے رات کی تاریکی میں تدفین کر کے انتہائی فسطائیت کا مظاہرہ کیاتھا۔ انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ حیدر پورہ قبرستان میں جمع ہو کر عظیم رہنما کو خراج عقیدت پیش کریں جنہوں نے کشمیریوں کے حق خودارادیت اور سیاسی مستقبل کے لیے آواز بلند کی ۔ انہوں نے ائمہ مساجداور علمائے کرام سے بھی اپیل کی کہ وہ شہید قائد کے لیے خصوصی دعائیں کرائیں۔