اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) پاکستان نے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ممتاز کشمیری حریت قائد سید علی شاہ گیلانی کے اہل خانہ اور انکے پیروکاروں کو ان کی آخری آرام گاہ تک بلا روک ٹوک رسائی فراہم کرے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے آج (جمعہ) اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا کہ سید علی گیلانی کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی ایک حقیقی آواز تھے۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کو کشمیر اور پاکستان کے لیے ان کی بے مثال قربانیوں اور غیر مشروط محبت کے لیے یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج سید علی گیلانی کی دوسری برسی کے موقع پر ہم انصاف اور آزادی کے لیے ان کی زندگی بھر کی لگن کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ ممتاز زہرہ بلوچ نے ایک سوال کے جواب میںکہا کہ بھارت کو 5 اگست 2019 کے اپنے غیر قانونی اقدام کو واپس لینا چاہیے اور خطے میں امن اور بات چیت کا ماحول بنانا چاہیے۔