سرینگر 06ستمبر (نیوز ڈیسک )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں اور پیراملٹری فورسز نے مختلف اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں اور پیراملٹری فورسز نے ضلع ریاسی کے مختلف علاقوں میں آج مسلسل تیسرے روز بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔ اس سے قبل پیر کو ضلع کے علاقے گلی سہاب میں فوجیوں نے ایک نوجوان کو شہید کیا تھا۔بھارتی فوجیوں نے تلاشی کارروائی کے دوران ضلع کشتواڑ کے علاقے پری باغ میں خانہ بدوشوں کے ایک ٹھکانے کو تباہ کر دیا اور ان کی خوراک ، کمبل اور دیگر اشیاء اپنے قبضے میں لے لیں۔بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے کپواڑہ، بارہمولہ، بانڈی پورہ، پلوامہ، کولگام، شوپیاں، اسلام آباد، پونچھ، راجوری، بانہال، سانبہ اور ڈوڈہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔دریں اثنا ء بھارتی پولیس نے سرینگرشہر کے علاقے نٹی پورہ میں گھر پر چھاپے کے دوران ایک بے گناہ نوجوان کو گرفتار کر لیا۔