جموں07 ستمبر (نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جموں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ہیں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں کے علاقے گاندھی نگر میں لوگوں نے بجلی کے سمارٹ اور پری پیڈ میٹروں کی تنصیب کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے گاندھی نگر کی گول مارکیٹ سے گردوارہ صاحب تک مارچ بھی کیا ۔مظاہرین نے لوک سبھا میں جموں خطے کی نمائندگی کرنے والے نمائندوں اور ممبران پارلیمنٹ کے خلاف نعرے بھی لگا ئے کیونکہ وہ ان کی نمائندگی کرنے میں ناکام رہے ہیں۔مظاہرین نے پلے کارڈ ز اور بینرز اٹھا رکھے تھے ،جن پر اسمارٹ میٹروں کی تنصیب کے خلاف نعرے درج تھے ۔انہوں نے کہا کہ قابض انتظامیہ نے کشمیریوں کے تحفظات کے باوجود غیر سنجیدہ رویہ اختیار کررکھا ہے اوروہ سمارٹ میٹروں کی تنصیب پر اعتراض کرنے والوں کی آواز دبانے کی کوشش کررہی ہے ۔
ادھر مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے علاقے کلہوتران میں بھی قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔