سرینگر 08 ستمبر (نیوز ڈیسک ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیںجن کے ذریعے گروپ 20رکن ملکوں پر زور دیا گیاہے کہ وہ نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے خاتمے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مودی حکومت پر دباؤ ڈالیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر اور دیگر علاقوں میں یہ پوسٹر آزادی پسند تنظیموں ریزسٹنس یوتھ فورم جموں و کشمیر، جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ، جموں کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ، ریزسٹنس یوتھ فورم جموںوکشمیر، جموں کشمیر یوتھ موومنٹ، جموں و کشمیر جسٹس اینڈ پیس موؤمنٹ اور نوجوانانِ حریت جموں کشمیر نے چسپاں کیے ہیں ۔
پوسٹروں میں گروپ 20 ارکان پر زور دیا گیا کہ وہ اس بات کا ادراک کر لیں کہ بھارت نے مذموم مقاصد کے تحت مقبوضہ جموں وکشمیر میں فورم کے اجلاس منعقد کیے ۔ ان اجلاسوں کے انعقاد کا واحد مقصد عالمی برادری کو یہ تاثر دینا تھا کہ مقبوضہ علاقے میں حالات بالکل ٹھیک ہیں۔پوسٹروں کے ذریعے اقوام متحدہ پر بھی زور دیا گیا کہ وہ کشمیریوں سے کیے گئے اپنے وعدوں پر عملدرآمد کرائے اور اپنی پاس کردہ قراردادوں پر عملدرآمد کروا کے کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دلائے۔
پوسٹرز میں لکھا ہے”بھارت گروپ20 فورم کو مقبوضہ کشمیر میں اپنے وحشیانہ مظالم پر پردہ ڈالنے اور علاقے میں حالات معمول کے مطابق ہونے کے اپنے جھوٹے بیانیے کو آگے بڑھانے کیلئے استعمال کر رہا ہے۔ بھارت مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی اپنی مذموم کوششیں بند کرے، ظالمانہ قوانین منسوخ کرے اور علاقے سے اپنی فوج کا انخلا عمل میں لائے۔