اقوام متحدہ(نیوز ڈیسک ) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھارت میں مسلمانوں اور مسیحی برادری کے خلاف حالیہ حملوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذہبی منافرت مکمل طور ناقابل قبول ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انتونیو گوتریش نے یہ بات نئی دلی میں جی 20سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد نیویارک واپس آمد پرایک پریس کانفرنس کے دوران پاکستانی صحافی کی جانب سے بھارت میں ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے اقلیتوں کے خلاف حالیہ ظلم وتشدد بارے اٹھائے گئے سوال کے جواب میں کہی۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ کوئی ملاقات نہیں کی اور نہ ہی دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے ملاقات کی لیکن ہمارا موقف واضح ہے کہ مذہبی عدم برداشت انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے جو مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔انہوں نے اپنے افتتاحی کلمات میں آئندہ ہفتے ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلی سطح کے اجلاس کے حوالے سے عالمی سربراہان کے لیے واضح پیغام میں کہا کہ یہ وقت دکھاوے یا بیانات دینے کا نہیں بلکہ عملی اقدامات کا ہے۔ایسے اقدامات جس کی دنیا کو بہتر بنانے کے لیے ضرورت ہے۔یہ وقت بے حسی یا خاموش بیٹھنے کا نہیں ہے بلکہ یہ حقیقی اور عملی حل کے لیے اکٹھے ہونے کا وقت ہے۔یہ وقت بہتر مستقبل کے لیے اقدامات پر سمجھوتہ کرنے کا ہے، جیسا کہ سیاست ، سفارت کاری اور موثر قیادت پر سمجھوتا۔ انہوں نے مراکش اور لیبیا میں حالیہ دنوں میں ہوانے والے واقعات کے حوالے سے کہا کہ اقوام متحدہ امدادی سرگرمیوں کے لیے متحرک ہے۔