اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) پاکستان فوج نے کہا ہے کہ بلا تفریق شدت پسندوں کا قلع قمع کریں گے۔ بدھ کو جنرل ہیڈ کوارٹر میں فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی سربراہی میں کور کمانڈروں کا اجلاس ہوا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں فوج کے پیشہ ورانہ اور تنظیمی امور کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔
کورکمانڈر کے اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ’عوام کی امنگوں کے مطابق بلا تفریق شدت پسندوں کے خلاف لڑنے اور دہشت گردی کی لعنت کو ختم کیا جائے گا۔‘
کور کمانڈر کانفرنس 27 اور 28 دسمبر کو دو دن جاری رہی۔پاکستان میں حالیہ ہفتوں میں دہشت گردی کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
پیر کو پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کہا تھا کہ دہشت گردی کے ناسور کو کچلنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
’دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لیے صوبائی حکومتیں، وفاق اور تمام ادارے مل کر تمام وسائل بروئے کار لائیں گے اور اس کی بیخ کنی کرنا ہو گی تاکہ پاکستان میں دوبارہ امن لوٹ آئے۔‘
گزشتہ ماہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے حکومت کے ساتھ جنگ بندی کا معاہدہ ختم کرنے کے اعلان کے بعد خیبر پختونخوا اور بالخصوص جنوبی اضلاع میں دہشت گردی کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔
اسلام آباد میں خودکش دھماکے کے بعد اور دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر 25 مختلف مقامات پر عارضی چیک پوسٹیں قائم کر لی گئی ہیں۔
جمعے کو اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین فور میں ایک خودکش دھماکے کے بعد شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی تھی۔