اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں وزیر اعظم پاکستان کی معاون خصوصی مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے جعلی مقابلوں کی وجہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے ناقابل برداشت صورتحال پیدا کر دی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مشعال ملک نے اسلام آباد میں ایک بیان میں کہا کہ فوجی آپریشنوں کی آڑ میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام پر یلغار کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے بھارتی فوج نے بارہمولہ، کولگام، پلوامہ، راجوری اور پونچھ اضلاع کے مختلف علاقوں کی ناکہ بندی کر رکھی ہے۔ اس دوران چادر اورچاردیواری کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کے اہلکار زبردستی گھروں میں گھس کر املاک کو نقصان پہنچارہے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیاکہ ایک کشمیری صحافی کو بھارتی فوج نے ان کی رہائش گاہ سے زبردستی نکال کر گرفتار کر لیا۔
مشعال ملک کا مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری جعلی مقابلوں پراظہار تشویش
مناظر: 378 | 17 Sep 2023