نئی دلی(نیوز ڈیسک ) انڈین نیشنل کانگریس کے صدر ملکار جن کھرگے نے کہا کہ منی پور اور ہریانہ کے واقعات نے بھارت کی شبیہ کو انتہائی داغدار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو اس وقت کئی سنگین اندرونی چیلنجوںکا سامنا ہے۔
ملکار جن کھرگے نے ایک بیان میں کہا کہ منی پور کے دل دہلا دینے واقعات کو پوری دنیا نے دیکھا ، ریاست میں تین مئی سے تاحال مسلسل تشددجاری ہے اور مودی حکومت نے منی پور کی اس آگ کو ہریانہ کے علاقے نوح تک پہنچنے دیا۔
انہوںنے کہا کہ حکمران جماعت، فرقہ پرست تنظیمیں اور میڈیا کا ایک حصہ آگ پر تیل کا کام کر رہا ہے ،ہمیں ملکر ان قوتوںکی نشاندہی اور انہیں بے نقاب کرنا ہوگا جو ملک کوداغدار کر رہے ہیں۔
کانگریس صدر نے مزید کہا کہ مودی حکومت سرمایہ داروں کے فائدے کیلئے پالیسیاں اور انکے حقوق کیلئے قوانین بنا رہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ حال ہی میں شیل کمپنی نے وزیر اعظم مودی کے قریبی کاروباریوں کی کمپنیوں میں 20ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ہے ۔