سرینگر 19ستمبر (نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے اپنے غیر قانونی طورپر نظربند سربراہ میر واعظ محمد عمرفاروق کی طرف سے کشمیری مسلمانوں کو ربیع الاول کے مقدس مہینے کی آمد پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجمن اوقاف نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ اس مقدس مہینے میں انسانیت کے آخری نجات دہندہ پیغمبر رحمت حضرت محمد ۖ کی ولادت اور بعثت ہوئی ہے اور آپۖ کی آمد اور تشریف آوری سے انسانیت میں ہمیشہ کیلئے فصل بہار آئی۔ بیان میں کہا گیا کہ اس عظیم اور بابرکت مہینے کے آغاز پر بھی میرواعظ عمر فاروق مسلسل غیر قانونی طورپرنظربند ہیں اور انہیںانکی مذہبیذمہ داریاں ادا کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے جو انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔انجمن نے قابض انتظامیہ کے آمرانہ رویہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے میرواعظ کی فوری غیر مشروط رہائی کا مطالبہ دہرایا ہے۔
واضح رہے کہ میر واعظ عمر فاروق 5اگست2019سے سرینگر میںاپنی رہائش گاہ پر نظر بند ہیں جب مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کر دی تھی ۔