سرینگر(نیوز ڈیسک )حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ جموں و کشمیرکے بارے میں اپنی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کو حل کرے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت رہنمائوں محمد عاقب، نریندر سنگھ خالصہ، ملک نور محمد فیاض اور قاضی اسرار نے سرینگر میں اپنے الگ الگ بیانات میں عالمی ادارے پر زور دیاہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اپنی قراردادوں کے مطابق حل کرے۔انہوں نے حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیاجس کا وعدہ اقوام متحدہ نے جموں و کشمیر کے عوام سے کررکھا ہے۔
youth arrestدریں اثناء جموں و کشمیر یوتھ سوشل فورم کے چیئرمین مولانا مصعب ندوی نے سرینگر میں ایک پارٹی اجلاس کے دوران جموں و کشمیر کی موجودہ ابتر صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے عمر عادل ڈار، مزمل فیاض صوفی، بشارت پامپوری، معیز ریاض خان، محمد انصر خان، یونس منظور وازہ، عاصم امین شیخ، شہناز بٹ، عاشق بشیر، حافظ عرفان، فیصل گنائی، جنید احمد ڈار، شوکت احمد گنائی، مدثر وانی، سہیل بشیر، عبید احمد پنچو اوررئوف فلاحی سمیت تمام سیاسی نظربندوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ عدالتوں نے ان پر لاگو کالے قوانین کو کالعدم قرار دیا ہے لیکن وہ اب بھی سرینگر کی سینٹرل جیل میں نظر بند ہیں۔انہوں نے کہا کہ کالے قوانین پبلک سیفٹی ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون کی آڑ میں مودی حکومت اور اس کی مسلح فورسز کسی بھی شخص کو گرفتارکرتی ہیں اور اسے معمولی الزامات پر برسوں تک جیلوں میں ڈال دیتی ہیں۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور بھارت اورمقبوضہ جموں وکشمیر کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری قیادت، نوجوانوں، کارکنوں، علمائے کرام، سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی فوری رہائی کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔