بنگلورو(نیوز ڈیسک ) بھارتی ریاست کرناٹک کے جنوبی ضلع کنڑ میں مسلمانوں کو اشتعال دلانے اورعلاقے میں فرقہ وارانہ فسادات بھڑکانے کے لئے ہندو انتہاپسندوں نے مسجد میں گھس کر جے شری رام کے نعرے لگائے۔
پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ مسجد کے اندر نعرے بازی کا واقعہ اتوار کی رات 11بجے کے قریب پیش آیا۔پولیس نے بتایاکہ رات کے وقت دو نامعلوم افراد موٹر سائیکل پر آئے اور مردھالا بدریا جامع مسجد کے احاطے میں گھس گئے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انہیں مسجد کے سربراہ سے شکایت موصول ہوئی ہے کہ مسجد کے اندر جے شری رام کے نعرے لگائے گئے ہیں۔ اس کے بعد پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کا تجزیہ کیا اور دو افراد کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے بتایاکہ ملزمان کی شناخت 26سالہ سچن رائے اور 24سالہ کیرتن پجاری کے طور پر ہوئی ہے جو کدبا تعلقہ کے کیاکمبا گائوں کے رہنے والے ہیں۔