سرینگر (نیوز ڈیسک ) بھار ت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھی عید میلالنبی ﷺ دینی جوش و جذبے سے منائی گئی۔ ینگ مینز لیگ نے اس سلسلے میں سری نگر میں ایک ریلی کا انعقاد کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ریلی کی قیادت ینگ مینز لیگ کے سرپرست امتیاز احمد ریشی نے کی اور اس میں تنظیم کے سینکڑوں جماعتی کارکنوں اور مدرسوں کے طلباءنے شرکت کی۔
امتیاز احمد ریشی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آنحضورﷺ کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور لوگوں پر زور دیا کہ آپﷺ کی تعلیمات پر سختی سے عمل کریں۔
ریلی کے شرکاءنے آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے بھی لگائے۔
دریں اثنا، عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر رات بھر کی عبادات میں شرکت کے لیے ہزاروں افراد سری نگر کی درگاہ حضرت بل میں جمع ہوئے جہاں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کا موئے مقدس موجود ہے۔
سری نگر میں آثار شریف اور جناب صاحب کے مزارات پر بھی عید میلاد النبیﷺ کے بڑے اجتماعات ہوئے۔سری نگر کی متعدد مساجد جمعرات کی شام سے ہی اللہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حمد و ثنا سے گونجنے لگیں۔
جموں خطے میں بھی عید میلا النبی ﷺ پورے مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی اور علمائے کرام اور خطباءنے آنحضور ﷺ کی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔