سرینگر(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت تنظیموں نے بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان کے علاوہ جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ، جموں وکشمیر مسلم لیگ ، تحریک حریت جموں وکشمیر ، جموںوکشمیر پیپلز لیگ ،اسلامی تنظیم آزادی اورجموں و کشمیر فریڈم فرنٹ نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں کشمیری سیاسی نظربندوں کے ساتھ جیل حکام کے غیر انسانی سلوک کی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ علاج معالجے سمیت تمام بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے بہت سے نظربند رہنماء مختلف عارضوں میں مبتلا ہو گئے ہیں اور ان کی صحت تیزی سے گر رہی ہے ۔بیانات میں کہاگیا کہ آج پوری دنیا بھرمیں عدم تشدد کا عالمی دن منایا جا رہا ہے لیکن جموں و کشمیر کے عوام کے لیے یہ عالمی دن بے معنی ہے کیونکہ نریندر مودی کی بھاتی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے۔
ادھرجموں و کشمیر فریڈم فرنٹ کے انفارمیشن سیکرٹری ماجد کشمیری نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا ہے کہ اس دن کو منانے کا مقصد دنیا میں عدم تشدد کو فروغ دینا ہے لیکن مودی حکومت خطے کے امن کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد مختلف ممالک میں امن قائم کرنا، رواداری اور عدم تشدد کے جذبات کو فروغ دینا ہے تاکہ عالمی مسائل اور تنازعات کو باہمی بات چیت سے حل کیا جا سکے۔
جیلوں میں کشمیری نظربندوں کی حالت زار پر اظہار تشویش
مناظر: 354 | 3 Oct 2023