جموں(نیو زڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس پارٹی کے رہنما رمن بھلا نے بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو کشمیری عوام درپیش تمام مشکلات اور مصائب کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق رمن بھلا نے جموں میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بی جے پی کی عوام دشمن پالیسیوں اور تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے غریبوں، عام آدمی، پڑھے لکھے بے روزگارنوجوانوں اور دیہاڑی داروں سمیت معاشرے کے تمام طبقوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 9سال سے جاری بی جے یو کی حکومت کے دور کے دوران غریب کشمیری کاشت کاروں کی زمینیں چھیننے کے علاوہ ان پر بھاری ٹیکس عائد کئے گئے ہیں ۔رمن بھلا نے کہا کہ کانگریس، بی جے پی حکومت کے غلطیوںکاخاتمہ کرے گی اور جموں و کشمیر میں عوام اور غریب دوست پالیسیاں متعارف کرائے گی۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی ووٹ بینک کی سیاست کے لیے لوگوں میں نفرت اور تقسیم پیدا کر رہی ہے ۔ انہوں نے لوگوں کو خبردار کیا کہ وہ مذہب، ذات پات اوررنگ و نسل کے نام پر بی جے پی کے استحصال کا شکار نہ ہوں۔سیاسی ماہرین کے مطابق اپنے خطاب میں رمن بھلا کشمیریوں کو یہ یقین دلانے سے قاصر رہے کہ آیا کانگریس 5 اگست 2019 کے مودی حکومت کے غیر قانونی اقدام کو منسوخ کر ے گی یا نہیں ۔