اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) قطر کی مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل (پائلٹ) سالم حماد عقیل النبیط کی قیادت میں وفد نے ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، قطر کے چیف آف سٹاف نے سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اہم امور سمیت دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال ہوا، معزز مہمان کی ایئر ہیڈ کوارٹرز آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، لیفٹیننٹ جنرل سالم حماد عقیل النبیط کی پاک فضائیہ کے پرنسپل سٹاف آفیسرز سے بھی ملاقات ہوئی۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان اور قطر کے مابین تاریخی اور تزویراتی شراکت داری قائم ہے، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ قطر سے عسکری اور تربیتی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔
قطر کی مسلح افواج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (پائلٹ) سالم حماد عقیل النبیط نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی مہارت کو سراہا، دونوں سربراہان نے نئی ٹیکنالوجیز میں آپریشنل صلاحیتوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا، قطر کے چیف آف سٹاف نے ایئر ہیڈ کوارٹرزمیں تکنیکی انفراسٹرکچر کا معائنہ کیا۔
صدر پاکستان نے لیفٹیننٹ جنرل (پائلٹ) سالم حماد عقیل النبیط کو نشان امتیاز (ملٹری) سے نوازا، نشان امتیاز (ملٹری) حکومت پاکستان کی جانب سے نان آپریشنل ملٹری ایوارڈ ہے۔
پاک فضائیہ کے ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک کی مسلح افواج مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پُرعزم ہیں۔