سرینگر(نیوز ڈیسک )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ لداخ کے ضلع کرگل میں پہاڑی ترقیاتی کونسل کے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی ذلت آمیز شکست 5اگست2019 کو دفعہ370اور 35-Aکو منسوخ اور علاقے کو مرکزکے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کرنے کے بھارتی حکومت کے فیصلے کے خلاف ریفرنڈم ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نیشنل کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اب اس بات کے امکانات بڑھ گئے ہیں کہ بی جے پی کی قیادت جموں وکشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں مزید تاخیر کرے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ لداخ کے ضلع کرگل میں خود مختار ہل ڈیولپمنٹ کونسل کے انتخابات میں حزب اختلاف کے اتحاد نے 26میں سے 22سیٹوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ بی جے پی صرف دو سیٹیں حاصل کر سکی اور دو نشستیں آزاد امیدواروں کو ملیں۔