لکھنو(نیوز ڈیسک ) بھارتی ریاست اترپردیش میں پولیس نے فلسطین کے حق میں اور غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف سوشل میڈیا پوسٹ کرنے پر ایک عالم دین کو گرفتار کر لیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مولوی سہیل انصاری کی گرفتاری ریاست میں بی جے پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایسی کسی بھی سرگرمی یا پوسٹ کے خلاف سخت کارروائی کی وارننگ جاری کرنے کے چند دن بعد عمل میں آئی ہے۔سہیل انصاری کے علاوہ ایک اور شخص مولوی عاطف چوہدری کے خلاف کالے قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ عاطف چوہدری اس وقت مفرور ہیں۔ حمیرپور پولیس کے ایک افسر نے بتایاکہ ہم نے انصاری کو گرفتار کر لیا ہے اور ایک اور شخص کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس کے مطابق مولوی سہیل انصاری نے سوشل میڈیا پر فلسطینیوں کی حمایت میں پوسٹ کیا تھا۔ ایک اور پوسٹ میں انہوں نے لوگوں کو ایک مسجد میں جمع ہونے کی دعوت دی تھی۔