سرینگر(نیوز ڈیسک )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں ایک بارپھرکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ کے بارے میں پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں جن میں کہاگیا ہے کہ بھارت انہیں سلاخوں کے پیچھے ڈال کر ان کے عزم کو توڑنہیں سکتا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ پوسٹر کل جماعتی حریت کانفرنس اور جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سرینگر، بارہمولہ، پلوامہ، بڈگام اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے دیگر علاقوں میں چسپاں کئے ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ اس وقت نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں نظر بند ہیں۔پوسٹروں میں کہاگیاہے کہ بھارت کشمیری قیادت کو ڈرانے دھمکانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو گا۔ پوسٹروں میں کہاگیا ہے کہ ”پھانسی کے پھندے پر بھی ہم اعلان کریں گے کہ کشمیر ایک تنازعہ ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اور ان کی قیادت آزادی کے اپنے مقصد سے کبھی دستبردار نہیں ہوں گے”۔پوسٹروں کو ٹوئٹر، فیس بک اور واٹس ایپ سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئرکیا گیا ہے۔