نئی دلی(نیوز ڈیسک ) آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے بھارتی ریاست تلنگانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے توہین رسالتؐ کے مرتکب پارٹی ٹی راجہ کو آئندہ اسمبلی انتخابات کیلئے ٹکٹ دینے پر کڑی تنقید کی ہے ۔
اسد الدین اویسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر توہین رسالت کے مرتکب ٹی راجہ جس کی پارٹی رکنیت بھی منسوخ کر دی تھی کو تلنگانہ اسمبلی انتخابات کیلئے پارٹی کا ٹکٹ جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نفرت انگیز تقاریر کرنے والوں کو مودی کی بی جے پی میں سب سے تیزی سے ترقی دی جاتی ہے۔ اسد الدین اویسی نے نریندر مودی نے اپنے محبوب پارٹی لیڈر کو انعام کے طورپر انتخابی ٹکٹ دیا ہے ۔انہوں نے یقین ظاہر کیاکہ مودی حکومت توہین رسالت کی مرتکب پارٹی لیڈر نوپور شرما کو بھی آشیرواد دیں گے ۔انہوں نے کہاکہ نفرت انگیز تقریر مودی کی بی جے پی میں ترقی کا تیز ترین طریقہ ہے۔
واضح رہے کہ بی جے پی نے گزشتہ روز تلنگانہ کے اسمبلی انتخابات کے لیے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی جس میں ٹی راجہ سنگھ کی معطلی کو منسوخ کرتے ہوئے اسے انتخابی ٹکٹ جاری کیاگیا ہے ۔