سرینگر(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہاہے کہ کچھ افراد مختلف مقامات پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے فورم اوراس کی اکائی تنظیموںکا نام استعمال کرکے اوراپنے آپ کو مذکورہ تنظیموں کے نمائندے ظاہرکرکے تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں خبردارکیاکہ کوئی غیر متعلقہ شخص یا گروپ جو فورم کا حصہ نہیں ہے، خود کو فورم سے وابستہ کرنے کی کوشش نہ کرے۔ بیان میں کہاگیا کہ بھارتی ایجنسیاںکل جماعتی حریت کانفرنس کے اتحاد و اتفاق کو توڑنے کے لئے ،تنازعہ کشمیر کے حوالے سے اس کے واضح اوردوٹوک موقف کو نقصان پہنچانے اور تحریک آزادی کشمیر کو بدنام کرنے کی ہرممکن کوشش کررہی ہیں۔ کہیں ایسانہ ہو مذکورہ بالا افراد یا گروپ دانستہ یانادانستہ طورپر بھارت کی اس سازش کا حصہ بن رہے ہیں۔ بیا ن میں کہاگیاکہ کل جماعتی حریت کانفرنس اس بات کو واضح کرنا چاہتی ہے اورتنبیہ کرنا چاہتی ہے کہ جو کوئی غیرمتعلقہ فرد یا گروپ فورم یا اس کی کسی اکائی تنظیم کا نام استعمال کرے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
تحریک آزادی کشمیر کو بدنام کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی: کل جماعتی حریت کانفرنس
مناظر: 596 | 31 Oct 2023