سرینگر (نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں میں گزشتہ ماہ اکتوبرمیں 17کشمیریوں کو شہید کیاجن میں ایک خاتون اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے آج جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ان میں سے 11 کشمیریوں کو بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے جعلی مقابلوں یا حراست کے دوران شہید کیا۔ان شہادتوں سے 2خواتین بیوہ اور 10بچے یتیم ہو گئے ۔اس عرصے کے دوران مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوج، پیراملٹری اور پولیس اہلکاروں کے علاوہ بدنام زمانہ تحقیقاتی اداروں این آئی اے اور ایس آئی اے کے اہلکاروں نے مختلف علاقوں میں گھروں پر چھاپوں اور تلاشی اور محاصرے کی 212کارروائیوں کے دوران 78کشمیریوں کو گرفتار ، 10کو زخمی اور 3مکانات کو تباہ کر دیا ۔