نیویارک (نیوز ڈیسک )امریکہ میں سؤر کے دل کا ٹرانسپلانٹ کرانے والا دوسرا شخص بھی انتقال کرگیا۔ تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف میری لینڈ اسکول آف میڈیسن کے ماہرین نے 58 سالہ امریکی مریض میں 20 ستمبر 2023 میں سور کے جینیاتی طور پر تبدیل شدہ دل کی پیوندکاری کی تھی۔آپریشن کے تقریباً6 ہفتے بعد لارنس فیوکٹ نامی 58 سالہ مریض ہارٹ فیلیئر کے باعث چل بسا۔
یونیورسٹی آف میری لینڈ اسکول آف میڈیسن کے مطابق ایک ماہ تک دل نے درست طریقے سے کام کیا مگر پھر بتدریج وہ علامات ابھرنے لگی جن سے عندیہ ملا کہ جسم اسے قبول نہیں کر رہا۔
اس مریض کا آپریشن کراچی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر منصور محی الدین اور ڈاکٹر گریفتھ نے کیا۔ڈاکٹر منصور محی الدین انسانی جسم میں جانوروں کے اعضا کی پیوندکاری کے ماہر ہیں۔
مریض کی اہلیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ان کے شوہر جانتے تھے کہ وہ زیادہ عرصے تک زندہ نہیں رہ سکتے اور انہوں نے اس تجرباتی آپریشن کا حصہ بننے کی اجازت دیگر افراد کے لیے دی تھی۔
یادرہے کہ ان ماہرین نے ہی جنوری 2022 میں ایک 57 سالہ مریض میں کامیابی سے جینیاتی طور پر تبدیل شدہ سؤر کا دل لگایا گیا تھا۔57 سالہ ڈیوڈ بینیٹ دنیا کے پہلے انسان تھے جن میں جینیاتی طور پر تبدیل شدہ سؤر کا دل لگایا گیا تھا۔تاہم ڈیوڈ بینیٹ آپریشن کے 2 ماہ بعد انتقال کرگئے تھے۔