اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) امریکی سینیٹ میں سینیٹر ٹیمی بالڈوِن کی جانب سے بھارت میں مذہبی اور سیاسی جبرکے خلاف قرارداد پیش کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وسکنسن سے خاتون سینیٹر کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں بھارت کے ساتھ مذہب کی بنیاد پر امتیازی پالیسیوں کا معاملہ اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے پرامن مظاہرین پرتشدد کے خاتمے کیلئے بھارت سے بات کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ قرارداد میں واضح کیا گیا ہے کہ مذہبی آزادی بنیادی حق ہے اور اس کی خلاف ورزی پر امریکا کو کھڑا ہونا اور بولنا چاہیے۔ امریکی سینیٹر ٹیمی بالڈوِن کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بھارت شہریوں کو خطرے میں ڈال رہا ہے اور حق رائے دہی سے محروم کر رہا ہے۔ قرارداد میں بھارت میں مسلم اور مسیحی آبادی کے خلاف امتیازی پالیسیاں تبدیل کرنے کیلئے کام کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔