اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ بھارت بدترین ظلم وتشدد اورطاقت کے وحشیانہ استعمال سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے جنرل سیکریٹری شیخ عبدالمتین،سیکریٹری اطلاعات امتیاز وانی، اعجاز رحمانی ،شیخ یعقوب ، زاہد اشرف،سید منظور احمد شاہ اورالطاف احمد بٹ نے اسلام آباد سے جاری اپنے بیانات میں کہاکہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو طول دینے کیلئے آئے روزاپنے فوجیوں کی تعداد بڑھا رہا ہے جو انتہائی تشویشاک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اسرائیلی طرز پر کشمیریوں کی زمینوں پرقبضے کیلئے مقبوضہ علاقے کو ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کررہا ہے اور فوجیوں کوجموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں زمینیں الاٹ کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لئے غیر کشمیریوں کو بڑے پیمانے پر ڈومیسائل جاری کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں بھارتی فوجیوں کی تعیناتی کے باوجود بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کمزورکرنے میں ناکام رہا ہے ۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی سے کم کوئی چیز قبول نہیں کریں گے کیونکہ کشمیریوں نے اس کے لئے میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ طاقت کے نشے میں چور بھارتی فوجی کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری نوجوانوں کوجعلی مقابلوں میں شہید کیا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری عوام کی خوہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کوحل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیںہو سکتا۔انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ فلسطینیوں اور کشمیریوں پر جاری ظلم و ستم کو رکوانے اوردونوں تنازعات کو حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔حریت رہنمائوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور انسانی حقوق کے دیگر عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری قتل و غارت ، بلا جواز گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی دیگر سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔