اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) لوٹی ہوئی دولت چھپانے اور منی لانڈرنگ کو چھپانے کے لیے فرح گوگی کو ایک غیر معروف ملک ونو آٹو کا خفیہ پاسپورٹ بنا کر دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق دسمبر 2021 میں تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی ممکنہ کامیابی کے پیش نظر چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے ملک کے ایک معروف پراپرٹی ٹائیکون کے بیٹے کو اپنی فرنٹ پرسن فرح گوگی کے لیے خفیہ انٹرنیشنل پاسپورٹ خریدنے کا ٹاسک سونپا ، معروف پراپرٹی ٹائیکون نے ایک اور تاجر کو خفیہ پاسپورٹ بنانے کے لیے ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر دیے۔
تحقیقاتی ذرائع کا بتانا ہے کہ لوٹی ہوئی دولت اور منی لانڈرنگ کی رقم چھپانے کے لیے فرح گوگی کو ونو آٹو کا پاسپورٹ بنا کر دیا گیا جو 28 مارچ 2020 کو بشریٰ بی بی کے حوالے کیا گیا، 3 اپریل 2022 کو پی ٹی آئی حکومت کے جانے سے 6 دن قبل فرح گوگی کو پاکستانی پاسپورٹ پر ملک سے فرار کروا کے دبئی بھجوایا گیا، دبئی کے بعد باقی تمام سفر ونو آٹو کے پاسپورٹ پر کروائے گئے تاکہ تحقیقاتی ادارے اس نقل و حرکت سے آگاہ نہ رہیں۔
بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح گوگی اور انکے شوہر کیخلاف فراڈ اور دھوکا دہی کا مقدمہ درج
ذرائع کا بتانا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اکٹھی کی گئی دولت کو دنیا کے مختلف ممالک میں چھپانے کے لیے اس پاسپورٹ پر فرح گوگی نے بیرون ملک دورے کیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے لوٹی رقم فرح گوگی کے خفیہ پاسپورٹ پر مختلف ملکوں میں ٹھکانے لگائی، چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی فرنٹ پرسن ساڑھے 14 ارب روپےکے ناجائز اثاثوں کی مالک ہیں، پی ٹی آئی دور میں فرنٹ پرسن فرح گوگی کی ظاہری اور غیرظاہری دولت میں 4520 ارب روپے اضافہ ہوا۔
اس معاملے پر جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا تھا گوگی پنکی لیک اصل میں جھلکیاں ہیں عمران خان اور بنی گالہ کرپشن اسکینڈل کی، گوگی اور پنکی تو بیچاری اس قابل نہیں تھیں۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا اس گوگی کو تو کوئی 10 روپے نہ دے، اسے لاکھوں ڈالر کون دیتا رہا؟ اس کے پیچھے جو طاقت بھی وہ عمران خان تھا، وہ طاقت تھی عمران خان کے پیچھے وزارت عظمیٰ کی اور اس وزارت عظمیٰ کی طاقت سے یہ تمام کرپشن اور منی لانڈرنگ ہوتی رہی۔
فرح گوگی کا خفیہ غیرملکی پاسپورٹ سامنے آگیا، تحقیقات میں ہوشربا انکشافات
مناظر: 766 | 13 Nov 2023