سرینگر(نیوز ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے مختلف علاقوں میں کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کرلی ہیں۔
این آئی اے نے ضلع کے علاقے کرالپورہ میں ایک کشمیری کی زیر ملکیت ایک کنال اور ساڑھے 16 مرلے اراضی ضبط کر لی ہے ۔قابض حکام نے میڈیا کو بتایا ہے کہ کشمیری کی جائیداد کو این آئی اے کی خصوصی عدالت کے حکم پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کے تحت ضبط کیا گیا ہے۔
ادھربھارتی پولیس نے ضلع پلوامہ میں اونتی پورہ کے علاقے گلزار پورہ کے رہائشی بختاور احمد کے ایک دو منزلہ مکان کو بھی ضبط کرلیاہے۔ بختاور جیل نظربند ہے جبکہ اس کے گھر کو کالے قانون نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹینس ایکٹ کے تحت ضبط کیا گیا ہے۔