اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔
اصغر خان اکیڈمی میں پاک فضائیہ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میں انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان ہتھیاروں کی دوڑ میں شریک نہیں مگر کسی بھی ممکنہ جارحیت سے نمٹنے کےلیے جنگی تیاریاں عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرتا رہے گا۔
نگراں وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے جو تمام ممالک بالخصوص ہمسایوں سے دوستانہ تعلقات کا خواہشمند ہے مگر اس خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
انہوں نے پریڈ کے اختتام پر فلائی پاسٹ کا معائنہ بھی کیا۔