امپھال(نیوز ڈیسک ) بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پور میں پرتشددکارروائیاں رکنے کا نام ہی نہیں لے رہی ہیں اورتازہ ترین واقعے میں ضلع کانگپوکپی میں دومخالف گروپوں کے درمیان جھڑپوں میں 2افراد ہلاک ہوگئے ۔
پولیس نے بتایاکہ یہ جھڑپ ہاروتھیل اور کوبشا گائوں کے درمیان ایک مقام پر ہوئی۔ اگرچہ پولیس نے تصادم کی وجہ نہیں بتائی،تاہم ایک قبائلی تنظیم نے بتایاکہ کوکی کمیونٹی کے لوگوں پر بلا اشتعال حملہ کیا گیا۔ اس نے ضلع میں ہڑتال کا اعلان کردیاہے۔رواں سال مئی کے اوائل میں منی پور میں میتی اور کوکی کمیونٹیوں کے درمیان نسلی لڑائی شروع ہونے کے بعد سے اس طرح کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ علاقے میں اضافی فورس تعینات کی گئی ہے اور واقعے میں شامل لوگوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ واضح رہے منی پور میں رواں سال مئی سے میتی اور کوکی قبائل کے درمیان پرتشددکارروائیوں میں اب 180سے زائد لوگ ہلال ہوچکے ہیں۔ میتی ہندومذہب سے تعلق رکھتے ہیں اورزیادہ تروادی امپھال میں رہتے ہیں جبکہ کوکی اورناگا قبائل کی اکثریت مسیحی برادری سے تعلق رکھتی ہے اوروہ پہاڑی اضلاع میں رہتے ہیں۔