اسلام آباد (نیوز ڈیسک) شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر آئی ای ڈی حملے میں 2 جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کے قافلے پر آئی ای ڈی حملہ علاقے رزمک میں ہوا۔ دھماکے میں 2 فوجی جوان شہید ہوگئے جن میں لانس نائیک احسان بادشاہ اور لانس نائیک ساجد حسین شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ شہید لانس نائیک احسان بادشاہ کی عمر 33 سال اور تعلق کرک سے تھا جبکہ 30 سال کے لانس نائیک شہید ساجد حسین کا تعلق ضلع کُرم سے تھا۔ آئی ایس پی آر نے بتایاکہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے علاقے کی کلیئرنس جاری ہے، سکیورٹی فورسز پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں اور بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ دوسری جانب نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے رزمک میں پاک فوج کے قافلے پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی اور 2 جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہیدلانس نائیک احسان بادشاہ اور شہیدلانس نائیک ساجدحسین کے اہلخانہ سےاظہارِہمدردی کی اور کہاکہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے تک اس کےخلاف جنگ جاری رکھیں گے، پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ملک کی بقا کی خاطرقربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔