سرینگر(نیوز ڈیسک )بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں فیاض حسین جعفری اور سید سبط شبیر قمی نے کہا ہے نریندر مودی کی ہندو توا بھارتی حکومت کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے مطالبے کی پاداش میں بدترین انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انہوںنے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں قابض بھارتی انتظامیہ کیطرف سے کشمیری سرکاری ملازمین کی مسلسل برطرفی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کشمیریوں کو تحریک آزادی سے دور کرنے کیلئے مختلف گھناؤنے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف بھارتی فوج محاصروں اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں کے دوران بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کررہی ہے جبکہ دوسری طرف قابض انتظامیہ تحریک آزادی سے ہمدردی رکھنے والے سرکاری ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کرکے انہیں بدترین انتقام کا نشانہ بنارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے تحقیقاتی اداروں این آئی اے، ای ڈی، ایس آئی اے وغیرہ کو کشمیریوں کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنے، انہیں ڈرانے دھمکانے اور انکے گھر بار، زمینیں اور دیگر املاک ضبط کرنے کے کام پر لگادیا ہے ، کشمیریوں کو اپنی ہی سرزمین پر نوکریوں ، اراضیوں ، مکانوں سے محروم کیا جا رہا ہے اور یہ وہی پالیسی ہے جو ظالم و جابر اسرائیل نے مقبوضہ فلسطین میں اپنا رکھی ہے۔فیاض حسین جعفری اور سید سبط شبیر قمی نے کہا کہ بھارتی جمہوریت کا مکروہ چہرہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں پوری طرح بے نقاب ہو چکا ہے ، مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی مظالم اور اوچھے ہتھکنڈے اس بات کا غماز ہیں کہ بھارت ہرگز ایک جمہوری ملک نہیں بلکہ مکمل طورپرایک ظالم و جابر ریاست ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے کہا کہ کشمیریوں نے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے لاکھوں جانیں قربان کی ہیں اور بھارتی جبر انہیں شہداءکے عظیم مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہچانے سے ہرگز روک نہیں سکتا۔ انہوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں حالیہ دنوں کے دوران مختلف علاقوں میں شہید ہونے والوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔