ممبئی (نیوز ڈیسک ) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ریاست تلنگانہ کے سربراہ کشن ریڈی نے کہا ہے کہ اگر ان کی جماعت ریاستی انتخابات میں کامیاب ہوئی اور اقتدار میں آئے تو ریاستی دارالحکومت حیدرآباد کا نام تبدیل کرکے بھاگیہ نگر رکھیں گے۔
دوسری جانب اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادیتیا ناتھ اور آسام میں بی جے پی کے موجودہ ریاستی وزیراعلیٰ ہیمانتا بسوا سرما پہلے ہی کہہ چکے ہیں اگر بھارتیہ جنتا پارٹی اقتدار میں آئی تو جنوبی ریاست تلنگانہ کے صدر مقام حیدر آباد کا نام بدل کر بھاگیہ نگر رکھے گی۔
بی جے پی تلنگانہ کے سربراہ کشن ریڈی نے پیر کو دعویٰ کیا کہ اگر ان کی جماعت اقتدار میں آئی تو حیدر آباد کا نام تبدیل کرے گی۔ کشن ریڈی کا کہنا تھا کہ اس سے قبل مدراس کو چنئی، کلکتہ کو کولکتہ، بمبئی کو ممبئی اور راج پاٹھ کو کرتاویا پاٹھ کا نام دے چکے ہیں تو پھر حیدر آباد کا نام کیوں نہ تبدیل کیا جائے؟
اس سے قبل یوگی حکومت اتر پردیش میں کئی شہروں الہ آباد کا نام پریا گراج، فیض آباد کا ایودھیا رکھ چکی ہے۔ علی گڑھ کا نام ہری گڑھ، مین پوری کا مایان نگر، فیروز آباد کا چندرہ نگر اور مرزا پور کا نام ودھیا دھام رکھنے کی تجویز ہے۔