اسلام آباد (نیوز ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما عون چوہدری نے سابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کیا اور عمران خان کا بشریٰ بی بی کو نکاح سے پہلے نہ دیکھنےکا دعویٰ صدی کا سب سے بڑا جھوٹ قرار دے دیا۔
آج سائفر کیس کی سماعت کے موقع پر خاور مانیکا کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے بشریٰ بی بی کی شکل دیکھی ہی تب تھی جس دن نکاح کیا تھا، بچوں کو اپنی والدہ کے خلاف بیان دینے کا کہا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے عون چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کا بشریٰ بی بی کو نکاح سے پہلے نہ دیکھنےکا دعویٰ صدی کا سب سے بڑا جھوٹ ہے، قوم کا لیڈر خود جھوٹ بولے تو میرا فرض ہے کہ سچ سامنے لاؤں، عمران خان کے پول کھولے تو انہیں شرم سے سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان بشریٰ بی بی کو ایک بار نہیں کئی بار نکاح سے پہلے ملے اور گھنٹوں ملاقات کرتے رہے، عمران خان بشریٰ بی بی سے نکاح سے پہلے درجنوں بار ملے اور دیکھا بھی تھا۔
ان کا کہنا تھاکہ بشریٰ بی بی قران پرحلف دےدیں کہ انہوں نے عمران خان کو نکاح سے پہلے چہرہ نہیں دکھایا، میں خود عمران خان کو ملاقات کیلئے لے کر جاتا رہا، سابق تعلق کا لحاظ رکھ رہاہوں ورنہ ایسے راز کھولوں کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کا گند دنیا کے سامنے آجائے۔
عون چوہدری کا کہناتھاکہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی سیاست جھوٹ پرمبنی ہے، اللہ کاشکر ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو وقت پر ہی چھوڑ دیا۔
ان کا کہنا تھاکہ بیرسٹر گوہرعلی کی بطورچیئرمین پی ٹی آئی نامزدگی بھی ان کے اندر کے خوف کی عکاس ہے، وہ پارٹی کے کسی اہل شخص کوپارٹی میں مقام دینا ہی نہیں چاہتے۔
عون چوہدری کا کہنا تھاکہ ملک میں شرپھیلانے اور اداروں سے تصادم کرنے والے کے خلاف آواز بلند کرنا ملک سے وفا کے مترادف ہے۔