اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی نے بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے اور بھارتی فورسز کی طرف سے بارہمولہ ،شوپیاں اور دیگرعلاقوں میں بلاجواز چھاپوں اور گرفتاریوںکی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی کارروائیوں کا اصل مقصد کشمیریوں کو خوف و دہشت میں مبتلا کرنا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی اپنی ہندوتوا آبادکاری کی پالیسی کے تحت مقبوضہ علاقے میں مذہبی، ثقافتی اور آبادیاتی نقشے کو تبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہے اور وہ آزادی کے حامی لوگوں کو نشانہ بنانے کے لیے جاسوسی نیٹ ورک کا استعمال کر رہی ہے۔
انہوںنے کہا کہ کشمیریوںکو تحریک آزادی سے دور کرنے کیلئے انہیں قتل وگرفتارکیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ایک ہندو بھارتی طالب علم کی گستاخانہ پوسٹ کے خلاف احتجاج کرنے والے کشمیری طلباءکی گرفتاری اور انہیں ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی۔
محمد فاروق رحمانی نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں کی نسلی تطہیرپر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسلم دنیا سے اسکا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔