نئی دلی(نیوز ڈیسک ) بھارت میں ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی )کے سابق گورنر رگو رام راجن نے بھارتیہ جنتاپارٹی حکومت کی پالیسیوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملک میں ترقی کی صورتحال افریقی ملکوں جیسی ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق آر بی آئی کے سابق گورنر نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت میں ایک طرف نوئیڈا اور گروگرام جیسے پوش علاقے نظر آتے ہیںجبکہ دوسری طرف چھوٹے چھوٹے شہر و دیہات ترقی سے بہت دورہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں دوسرے ملکوں کیطرف ترقی کیلئے کیے گئے اقدامات سے الگ سوچنا پڑے گا کیونکہ بھارت مختلف ملک ہے جو یورپ اور امریکہ کے راستے پر چل کر آگے نہیں بڑھ سکتا۔
سابق گورنر نے بھارت میں غذا کی کمی کو ایک بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں مشن موڈ میں کام کرنا ہوگا،ہم مسائل سے منہ موڑ کرآگے نہیں بڑھ سکتے ۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں ترقیاتی ماڈل خود تیار کرناہوگا تاکہ عدم مساوات کو دور کیا جاسکے ۔