اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی واشنگٹن آمد پر پاکستانی سفارت خانے میں امریکی تھنک ٹینک کے نمائندوں سے ڈھائی گھنٹے تک ملاقات جاری رہی۔
رپورٹس کے مطابق ملاقات میں پاک امریکا تعلقات، خطے اور ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے علاقائی سلامتی، بین الاقوامی دہشت گردی پر پاکستان کے نقطہ نظر کو اجاگر کیا ہے،جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک استحکام برقرار رکھنے کی اہمیت پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا۔
آرمی چیف نے کشمیریوں کی امنگوں، یو این قراردادوں پر مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیا ہے۔
واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر امریکا کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے سیکرٹری آف اسٹیٹ، سیکرٹری دفاع اور امریکی فوج کے سربراہ سمیت مختلف سیاسی و عسکری حکام سے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔