جموں(نیوز ڈیسک )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی انتظامیہ نے پونچھ اور راجوری اضلاع میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ضلع پونچھ کے علاقے سرنکوٹ میں جمعرات کو بھارتی فوجیوں پر ہونے والے ایک حملے میں پانچ فوجی ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے تھے۔
بھارتی فوجیوں نے حملے کے بعد پونچھ اور راجوری اضلاع میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی تھی جو تاحال جاری ہے ۔ قابض بھارتی فوجیوں نے اس دوران ضلع پونچھ کے علاقے بفلیار سے تین شہری محفوظ حسین، محمد شوکت اور شبیر احمد حراست میں لیے جنہیں بعد میں دوران حراست تشدد کر کے شہید کیا گیا۔شہریوں کی شہادت پر علاقے میں مظاہرے شروع ہو گئے ہیں ۔ قابض بھارتی انتظامیہ نے لوگوں کوعلاقے کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں ایک دوسرے کو معلومات کی فراہمی اور مظاہروں کوپھیلنے سے روکنے کیلئے پونچھ ، راجوری اضلاع میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے۔